کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان تا قیامت قائم رہے گا اور کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑ سکتا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں پولو گراؤنڈ میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام سکیورٹی فورسز امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں، پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ عناصر مختلف پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو بہکانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم صوبے کے نوجوان اب ان عناصر کی ہر چال کو سمجھ چکے ہیں۔
