کوئٹہ (ویب نیوز)پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں آج یومِ استحصال کشمیر منایا جائے گا، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔ اس موقع پر صبح 9 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، سائرن بجائے جائیں گے جبکہ ٹریفک بھی ایک منٹ کے لیے روک دی جائے گی۔ ملک بھر میں ریلیاں، واکس، سیمینارز، کانفرنسز، دعائیہ تقریبات اور تصویری نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری عمارتوں پر پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرائے جائیں گے، جبکہ مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے ذریعے کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔
