پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

پاکستان اور چین کا امریکا۔ایران مذاکرات میں تعاون جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (ویب نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات، بالخصوص برگن اسٹاک میں ہونے والے پہلے دور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور فریقین کے درمیان مذاکراتی تصفیے کو کامیاب بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ اسحاق ڈار نے وانگ ژی کو چینی پیپلز کانگریس کی 105 ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی دی اور بتایا کہ مذاکراتی عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ثالثی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے چینی صدر کی چار نکاتی امن تجویز اور پاک چین پانچ نکاتی امن اقدام کی حمایت کو سراہا، جبکہ وانگ ژی نے پاکستانی قیادت کی ثالثی کوششوں اور امن و استحکام کے لیے کردار کی تعریف کرتے ہوئے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔