تفتان (ویب نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن کو باضابطہ طور پر درآمد و برآمد کے لیے لینڈ کسٹمز اسٹیشن قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ریل کے ذریعے تجارتی سامان کی نقل و حمل مزید آسان، تیز اور کم لاگت ہو جائے گی، جبکہ قانونی تجارت میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق تفتان ریلوے اسٹیشن پر لوڈنگ، ان لوڈنگ، کسٹمز کلیئرنس اور درآمد و برآمد سے متعلق تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرحدی تجارت کو فروغ ملے گا اور پاکستان و ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
