پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنا ناگزیر، دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت: ایرانی قونصل جنرل

کوئٹہ (ویب نیوز): ایران کے قونصل جنرل محمد کریمی تودیشکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایران تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے گبد۔رمدان بارڈر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے، سرحدی گزرگاہوں پر جدید سہولیات، کسٹمز عملے میں اضافے اور تجارتی عمل کو تیز بنانے کا مطالبہ کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ سرحدی تجارت، جدید انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں جانب سے تجارت کے فروغ، سرحدی رکاوٹوں کے خاتمے اور تاجروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔