چمن،(صداقت نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان کو پاکستان کی خودمختاری اور حاکمیت کا احترام کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ چمن میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات ہی خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت بن سکتے ہیں، اس لیے سرحدی علاقوں میں تجارت کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کے استحکام کیلئے ٹریڈ فری زون قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل 1973ء کے آئین کی مکمل بحالی میں مضمر ہے اور منتخب پارلیمنٹ کو ہی اختیارات کا اصل سرچشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ٹیکس میں رعایت دی جانی چاہیے جبکہ پاکستان میں تمام اقوام کو برابری کے حقوق، وسائل اور اختیارات میں مساوی حصہ دیے بغیر ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔
