پاکستان ۹ اگست ۲۰۲۶

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر اسلام آباد میں چراغاں

اسلام آباد (ویب نیوز)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں اسلام آباد کی اہم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، جبکہ اہم شاہراہوں پر تینوں ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے اور مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے خیرمقدمی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ کی عمارتوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے معاہدے کو اتحاد، امن اور خطے میں استحکام کے مشترکہ عزم کی علامت قرار دیا ہے، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور علاقائی امن و استحکام کے خواہاں دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سعودی عرب نے بھی واضح کیا ہے کہ معاہدہ کسی علاقائی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔