کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور جب تک امریکی کارروائیاں جاری رہیں گی، ایران کی جانب سے جوابی حملے بھی جاری رہیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور اسے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے خطے میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظاموں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، جبکہ اردن میں ایک امریکی ایف-15 طیارہ تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔ دوسری جانب امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بحرین میں امریکی کمپنی کو نشانہ بنانے کے ایرانی دعوے کی تاحال بحرینی حکام یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
