کوئٹہ (صداقت ویب نیوز) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ افسران کی پیشہ ورانہ تربیت ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے اور انہیں بہتر قیادت، مؤثر فیصلہ سازی اور نئے مواقع تلاش کرنے کے قابل بناتی ہے۔ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر تربیت افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیتی کورس صرف علمی سرگرمی نہیں بلکہ قیادت، مہارت اور مستقبل کے وژن کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سید علی رضا شاہ نے تربیتی پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ افسران کسی ایک محکمے کے نہیں بلکہ پورے ملک اور صوبے کے خادم ہوتے ہیں، اس لیے انہیں عوامی خدمت، گڈ گورننس اور میرٹ کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی شرط ہے اور حکومتی اقدامات کے باعث امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ جعفر خان مندوخیل نے زیر تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر اپنے فرائض انجام دیں اور رشوت ستانی، اقربا پروری اور میرٹ کی خلاف ورزی جیسے منفی رجحانات کے خاتمے میں فعال کردار ادا کریں۔
