تازہ ترین ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

ٹرمپ نے نیتن یاہو پر شام اور لبنان سے اسرائیلی فوج واپس بلانے پر زور دیا

کوئٹہ (ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی شام کے زیرِ قبضہ علاقوں اور جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا کے لیے اقدامات کریں۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹیلی فونک گفتگو میں خبردار کیا کہ شام میں اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے اور صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا کہ مقامی آبادی اسرائیلی فوج کی موجودگی نہیں چاہتی، اس لیے فوج کی واپسی پر غور کیا جانا چاہیے، جبکہ یہی مؤقف لبنان کے حوالے سے بھی اختیار کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی زونز برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کئی ماہ سے اسرائیل اور شام کے درمیان ایک نئے سیکیورٹی معاہدے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم اسرائیلی قیادت مطلوبہ رعایتیں دینے پر آمادہ نہیں۔ ادھر لبنان اور اسرائیل کے درمیان بھی امریکی ثالثی میں مذاکرات جاری ہیں، جبکہ لبنانی حکومت نے جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا اور واضح ٹائم لائن کا مطالبہ کیا ہے۔