کوئٹہ (ویب نیوز)امریکی صدر نے ایران کے خلاف آج طے شدہ حملوں اور بمباری کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو ایرانی قیادت کی اعلیٰ ترین سطح تک پہنچا کر منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے مذاکرات اور حتمی نکات کی منظوری دے دی ہے، جس کے باعث فوجی کارروائی روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے وقت اور مقام کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم بحری ناکہ بندی حتمی معاہدے تک برقرار رہے گی۔ اس سے قبل ٹرمپ نے ایران پر مزید حملوں اور جزیرہ خارگ سمیت اہم تیل تنصیبات پر قبضے کا عندیہ دیا تھا، جس کے جواب میں ایران نے خبردار کیا تھا کہ خارگ جزیرے پر کسی بھی حملے کا جواب سخت اور تباہ کن ہوگا۔ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملک اور جزیرہ خارگ کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
