کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کیا ہے کہ اسرائیل ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر آزاد ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل لبنان سمیت ہر محاذ پر اپنی عسکری کارروائیوں میں آزادی برقرار رکھے گا۔یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق دونوں ممالک ایک مفاہمتی یادداشت کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جا سکتی ہے، جو عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق مجوزہ معاہدے میں یہ نکات بھی شامل ہو سکتے ہیں کہ امریکا اور اس کے اتحادی ایران یا اس کے اتحادیوں پر حملہ نہیں کریں گے جبکہ ایران بھی پیشگی حملوں سے گریز کرے گا۔ دوسری جانب اسرائیل میں اس ممکنہ معاہدے پر اختلافات پائے جاتے ہیں، اور بعض رہنماؤں نے لبنان میں جنگ بندی کو اسٹریٹجک غلطی قرار دیا ہے۔
