کوئٹہ (ویب نیوز): اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں میں وقفہ دے کر سفارتکاری کے لیے مزید گنجائش پیدا کی ہے اور تہران کو مذاکرات کا ایک موقع دیا جا رہا ہے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کو وقت دینا چاہتے ہیں، تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی دوبارہ شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ بعض امریکی حکام نے جنگ میں مزید شدت لانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ رپورٹس کے مطابق عمانی حکام کی ایران میں سفارتی کوششوں کے باعث حملے عارضی طور پر روکے گئے ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے پاس کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے اور شدت بڑھانے کا اختیار موجود ہے، تاہم بہتر حکمت عملی ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا ہے۔
