کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے دوران گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ ناقابل فراموش دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء نے بہادری اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی، ان کی قربانیاں آج بھی پوری قوم کے لیے حوصلے اور رہنمائی کا باعث ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے پاک فوج کے ان تمام جوانوں کو بھی سلام پیش کیا جو ملکی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری سب سے مقدم ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے خاندان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ بلوچستان کے عوام بھی ملکی دفاع اور سلامتی کے معاملے میں ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت قومی یکجہتی اور اتحاد میں ہے، ہمیں اسی اتحاد کے ساتھ ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
دریں اثنا چمن، پشین سمیت بلوچستان بھر میں یومِ دفاع انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ شہداء اور غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں، تقاریب منعقد ہوئیں اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
