وڈھ (ویب نیوز) سردار اختر جان مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ وڈھ کے علاقے کلی یار محمد سونارو میں گزشتہ شب تقریباً 10 بجے مبینہ ایف سی کارروائی کے دوران 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اختر مینگل کے مطابق زخمیوں میں 7 سالہ بچہ شاہ زیب بھی شامل ہے اور انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مبینہ متاثرین کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں، تاہم مبینہ واقعے کے بعد خوشی کا ماحول سوگ میں بدل گیا اور متعدد خاندان متاثر ہوئے۔ تاحال واقعے کے حوالے سے حکومتی حکام یا ایف سی کا کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کی بھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
