وندر (ویب نیوز) کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے خلاف ڈیزل کے کاروبار سے وابستہ ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کے باعث قومی شاہراہ این 25 کئی گھنٹے بند رہی، جس سے بلوچستان کا کراچی سے زمینی رابطہ متاثر ہوا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے ٹائر نذرِ آتش کیے جبکہ کسٹم اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ مظاہرین نے کسٹم حکام پر فائرنگ، تشدد، گھروں پر چڑھائی، ڈیزل اتارنے اور تین افراد کو حبسِ بے جا میں رکھنے کے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر ادائیگی کے بعد جانے والی ڈیزل سے بھری گاڑی کو رانا بھٹ کے مقام پر کسٹم آفیسر لطیف نے دوبارہ تحویل میں لینے کی کوشش کی، جس پر مزاحمت کے بعد تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز نے امتیازی سلوک ختم کرنے، گرفتار افراد کی رہائی اور ایرانی ڈیزل کے کاروبار کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ کیا۔ مذاکرات کے بعد شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، تینوں افراد رہا اور گاڑی واپس کردی گئی، تاہم ڈیزل کسٹم حکام نے اپنی تحویل میں رکھا۔
