پاکستان ۱۳ مئی ۲۰۲۶

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چینی منسٹر قونصلر یانگ گوانگ یوان کی ملاقات،جدید الیکٹرک ٹیکنالوجی بارے تبادلہ خیال

اسلام آباد (صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چینی منسٹر قونصلر یانگ گوانگ یوان نے ملاقات کی۔ بدھ کو منعقدہ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ اور جدید صنعت میں تعاون بڑھانے اور پاکستانی آٹو انڈسٹری کو جدید الیکٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی سمت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں کھجور سے تیار ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدی صلاحیت بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی ۔ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں زیتون، پستہ، بادام، کھجور اور چلغوزے کی پیداوار مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے نادر معاشی موقع ہے جس سے سب کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیہی ترقی، خواتین کے ہنر اور شمسی توانائی منصوبوں پر تعاون زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو علاقائی تجارت کا مرکز بنایا جا رہا ہے اور لاجسٹکس سہولیات کو وسیع پیمانے پر وسعت دی جا رہی ہے ۔جام کمال خان نے پاکستان کو چین، وسط ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان قدرتی تجارتی گیٹ وے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی پاکستان میں نئی صنعتی صلاحیتیں پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مشترکہ صنعتی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی جدیدکاری اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشتکاری تعاون بڑھانے،پانی بچانے والی اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا ۔جام کمال خان نے کہا کہ عالمی سپلائی چین تبدیلیاں پاکستان کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کر رہی ہیں۔