پاکستان ۱۲ مئی ۲۰۲۶

وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے تربیتی پروگرامز سے پاک، کینیڈا قانونی تعاون مزید مضبوط ہوگا، اعظم نذیر تارڑ کی کینیڈا کے ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد(ڈیلی صداقت ویب نیوز)وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت انصاف کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عدالتی اصلاحات کو مثر بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے ذریعے تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان قانونی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق انہوں نے یہ بات کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں عدالتی اصلاحات، قانونی نظام کی بہتری، ادارہ جاتی تعاون اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران کینیڈا کے ہائی کمشنر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کی مصالحانہ اور تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔دونوں جانب نے توانائی کے تحفظ، اہم معدنیات، ماحولیاتی تعاون اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی اور صاف توانائی کی استعداد سے مثر استفادے کے لیے کینیڈین کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی سراہا گیا۔کینیڈین ہائی کمشنر نے عدالتی تربیت، تکنیکی معاونت اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ کے لیے کینیڈا کے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان کے نظامِ انصاف کی بہتری اور عدالتی اصلاحات میں کینیڈا کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔