اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں صوبوں کے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) حصے کے لیے 8 ہزار 848 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ مختلف گرانٹس کی مد میں 2 ہزار 680 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2 ہزار 224 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرانٹس کی رقم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور نئے ضم شدہ اضلاع سمیت مختلف شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ وزیر خزانہ کے مطابق جاری اخراجات کی مد میں آزاد کشمیر کے لیے 146 ارب روپے اور گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق قومی ترقیاتی پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 3 ہزار 675 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جس میں وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
