اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں دفاعی امور اور سروسز کے لیے 3 ہزار 10 ارب 90 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ دفاعی انتظامیہ کے اخراجات کے لیے 10 ارب 90 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق دفاعی سروسز کے لیے مجموعی طور پر 3 ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں دفاعی ملازمین کے اخراجات کے لیے 967 ارب روپے شامل ہیں۔ اسی طرح دفاعی آپریٹنگ اخراجات کے لیے 743 ارب 46 کروڑ روپے جبکہ دفاعی فزیکل اثاثہ جات کے لیے 925 ارب 83 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق دفاعی سول ورکس کے لیے بھی 363 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے، اسی مقصد کے لیے دفاعی شعبے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
