تازہ ترین ۲۵ جولائی ۲۰۲۶

وزیر داخلہ محسن نقوی کوئٹہ پہنچ گئے، اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر صوبائی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، آئی جی پولیس بلوچستان سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں حکومتی رٹ قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ملک دشمن عناصر اور پراکسیز کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن العزم کامیابی سے جاری رہے گا۔ اجلاس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔