کوئٹہ (ویب نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس تک رسائی سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کے ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 پر عملدرامد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایم ای، زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے قرضوں تک رسائی بہتر بنانے، ہول سیل فنانسنگ کے مجوزہ فریم ورک، مختلف شعبوں کے ڈیش بورڈز اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے، کاشتکاروں تک قرضوں کی رسائی وسیع کرنے اور کراپ لون انشورنس اسکیم کو ایریا ییلڈ انشورنس کی جانب منتقل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت جولائی تک 34 ارب 27 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ بینکوں نے 220 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے منظور کیے ہیں۔ پروگرام کے تحت 1200 سے زائد الیکٹرک بائیکس بھی صارفین کو فراہم کی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے پٹرولیم درامدات اور صارفین کے طویل مدتی اخراجات میں کمی کے ساتھ ماحولیاتی الودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ کمیٹی نے فنانس تک رسائی کے منصوبے پر مؤثر عملدرامد کے لیے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور بینکوں کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
