اسلام آباد(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت رہتی دنیا تک ہمارا دفاعی اثاثہ ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئیوزیر اعظم نے کہا کہ 10 مئی کو پوری قوم نے معرکہ حق کی سالگرہ شایان شان طریقے سے منائی۔ اللہ تعالی نے اپنے بے پایاں فضل و کرم سے پاکستان کو وہ فتح و نصرت اور عزت و وقار عطا فرما یا جو قومی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کا نتیجہ تھا۔ پوری قوم اس معرکے میں یک جان دو قالب تھی۔ افواج پاکستان نے جوان مردی سے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔ اب 28 مئی کی آمد آمد ہے ۔ تاریخ اس دن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام رہتی دنیا تک اسکا دفاعی اثاثہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ یہ سوچ اور قومی بیانیہ رہا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام دفاعی مقاصد کیلئے ہے ، جارحیت کیلئے نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا آج پاکستان کو ایک ذمے دار ایٹمی طاقت کے طور پر جانتی ہے ۔ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے سائنسدانوں ، سیاست دانوں، اداروں اور حکومتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اس پروگرام کے بانی تھے اور میرے قائد نواز شریف نے اسے نکتہ انجام تک پہنچایا ۔ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تمام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے بعد اب ہمیں معاشی طاقت بننا ہے جس کیلئے ہم ایک ٹیم کی صورت میں ملکر دن رات کوشاں ہیں اور ان کوششوں کے نتائج آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں ۔ یہ دشوار گزار اور لمبا سفر ہے لیکن جو قومیں مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیتی ہیں کامیابی انکا مقدر ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں جنگ سے تمام معیشتوں کو مسائل کا سامنا ہے ۔ فی الحال عارضی جنگ بندی ہے۔ پاکستان میں صورتحال خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر رہی ہے ۔ یہاں اس طرح قطاریں نہیں لگیں۔ سب نے ملکر صورت حال سے بہتر انداز میں نمٹنے کیلئے کام کیا۔ وزیر اعظم نے دہشت گرد کو روکتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ریلوے ملازم لیاقت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے ہیروز ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں پاکستان کی مسلح افواج ، سکیورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور شہری دے رہے ہیں دنیا کی تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
