کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کے روز چمن پھاٹک بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے ٹراما سینٹر کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ علاج تمام زخمیوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے زخمیوں کے لواحقین سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے کی صورتحال اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ دورے کے دوران سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی اور ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ملک کامران کاسی نے وزیر اعلی کو زخمیوں کے علاج اور جاری انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ صحت کے حکام کو سخت ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین، فوری اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کیونکہ علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے چمن پھاٹک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے؛ یہ جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آزادی اور نظریے کے نام پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک بیرونی ایجنڈا ہے، جسے قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کے ذریعے ناکام بنا کر بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔
