کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک تیزاب گردی کے واقعے کے دوران متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بچانے کی کوشش میں خود بھی جھلس جانے والے عبدالرزاق ترکئی سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جرات و بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر عبدالرزاق ترکئی کی قربانی کے اعتراف میں ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر برداشت کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے عبدالرزاق ترکئی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات معلوم کیں اور ان کے جذب ایثار و انسان دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک انسان کی جان بچانے کے لیے جس بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے اور پوری قوم ان کی اس قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عبدالرزاق ترکئی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر خاتون ڈاکٹر کو بچانے کی کوشش کی اور خود تیزاب سے متاثر ہوئے، ایسے بہادر افراد معاشرے کا حقیقی اثاثہ اور ہیرو ہیں جنہیں حکومت کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ عبدالرزاق ترکئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں ملک کے دیگر بڑے طبی مراکز منتقل کیا جائے، جبکہ حکومت ان کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی، مالی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی۔
