کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنگو میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے سات دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان پائیدار امن اور استحکام کی منزل حاصل کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔
