تازہ ترین ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان کی شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہل خانہ سے تعزیت، بچوں کی کفالت کا اعلان

کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ شہید کے بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان شہید کے بچوں کی تعلیم اور کفالت کے تمام اخراجات برداشت کرے گی تاکہ ان کا مستقبل متاثر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عبدالحکیم کاکڑ نے قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام کی خدمت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے اسپتال جا کر حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔