بیکڑ اپر ڈیرہ بگٹی (صداقت انٹرنیشنل) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کے روز ایک روزہ دورے پر بیکڑ اپر ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سابق صوبائی وزیر خالد لانگو بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے میر غلام قادر میموریل اسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، طبی آلات، افرادی قوت اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ صحت کے شعبے میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے اسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے عملی اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں بسنے والے عوام کو ان کی دہلیز پر جدید طبی سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری اور طبی خدمات کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔
