مقامی ۲۳ جون ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان سے وزرا، اراکینِ اسمبلی و سماجی شخصیات کی ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں اور گڈ گورننس پر تبادلہ خیال

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کے روز صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکرٹریز، اراکینِ صوبائی اسمبلی، حکومتی عہدیداران اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم خان کھوسہ، صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹری میر عبدالمجید بادینی، اراکینِ اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، ڈاکٹر محمد نواز کبزئی، مولوی نوراللہ، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلاول خان کاکڑ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن نعیم کریم، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ، سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری، چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی اور سماجی رہنما ڈاکٹر حیات خان غلزئی شامل تھے۔اسی دوران وزیراعلیٰ بلوچستان سے سی ایس ایس کے حالیہ امتحان میں ٹاپ ٹین میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی بلوچستان کی ہونہار طالبہ ماہ نور بلوچ نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کی شاندار کامیابی کو صوبے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے انہیں سراہا اور سوینئر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ نور بلوچ جیسے باصلاحیت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی کامیابی دیگر طلبہ و طالبات کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم، مقابلہ جاتی امتحانات اور اعلیٰ پیشہ ورانہ شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کے اصولوں پر عمل جاری رکھا جائے گا۔