اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس میں ملک میں ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور شہری سہولیات کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیٹا سینٹر “اسکائی 47” کی سہولیات تمام وفاقی اداروں کو فوری فراہم کی جائیں تاکہ سرکاری ڈیٹا ایک ہی محفوظ پلیٹ فارم پر منتقل ہو اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ قومی ڈیجیٹل وژن کے تحت صحت، زراعت، یوٹیلیٹیز، ہاؤسنگ اور ایس ایم ایز سمیت مختلف شعبوں میں جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرائی جائیں۔ اجلاس میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا اجلاس جلد بلانے اور عالمی شراکت داری کو فروغ دے کر قومی ڈیجیٹل پالیسی پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
