پاکستان ۴ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعظم کی بحری اصلاحات ٹاسک فورس کی نمایاں پیش رفت، 99 میں سے 85 اصلاحاتی نکات مکمل

اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے ڈیڑھ سال کے دوران اہم پیش رفت کرتے ہوئے 99 میں سے 85 اصلاحاتی ایکشن پوائنٹس مکمل کر لیے ہیں، جبکہ مزید 11 نکات تکمیل کے آخری مراحل میں اور 3 پر طویل المدتی حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔ اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی، جو دسمبر 2024 میں قائم کی گئی تھی، نے قومی بندرگاہوں کے ماسٹر پلان، یکساں پورٹ ٹیرف، ٹرانزٹ تجارت، بندرگاہوں کی استعداد میں اضافے، کراچی پورٹ کی اراضی سے تجاوزات کے خاتمے، ٹرانس شپمنٹ، بنکرنگ، مقامی جہاز سازی و مرمت، ماہی گیری کے فروغ اور آٹھ سال بعد شپ ری سائیکلنگ کی بحالی سمیت متعدد شعبوں میں اصلاحات نافذ کیں۔ حکام کے مطابق نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز کے قیام سے بندرگاہوں کی ڈریجنگ میں خود انحصاری کی جانب بھی اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔