پاکستان ۲۴ اگست ۲۰۲۶

وزیراعظم کا 100 زرعی گریجویٹس اٹلی بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد: ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان زیتون کی کاشت، جدید پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے شعبوں میں تربیت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 60 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت جاری ہے، زرعی انقلاب کیلئے کسانوں کا ساتھ دینا ہوگا، پاکستان سالانہ 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے، درآمدی بل میں کمی کیلئے پام آئل اور سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان زراعت، ٹریکٹر سازی اور دیگر شعبوں میں تعاون قابل ذکر ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کسانوں کو سہولیات فراہم کریں گی۔