کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی برتری اور جدید میزائل صلاحیت نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے اور ملک کا دفاع ہر صورت مضبوط رکھا جائے گا۔کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے محافظوں کے درمیان موجودگی ان کیلئے باعثِ اعزاز ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ ملک کی پالیسی ہمیشہ امن اور مذاکرات پر مبنی رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور ملک سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم نے افغان طالبان سے منسلک دہشت گرد نیٹ ورکس قکے خلاف کارروائیوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ ملک میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کا مقصد صرف دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں بلکہ ان کے پورے معاون نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
