اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احسن اقبال، مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ، افغانستان، جنوبی ایشیا اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا آہنی بھائی سمجھتا ہے اور پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
