پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق امریکی وفد میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔ وزیراعظم نے امریکی کانگریس کے ارکان کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک بھارت جنگ بندی کے لیے ان کی مداخلت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں امریکا کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ امریکی وفد نے صدر ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان بہتر روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کے اعلیٰ حکام کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔