پاکستان ۶ اگست ۲۰۲۶

وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، ولی عہد سے ملاقات متوقع

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت، اقتصادی تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اعلیٰ سطح مذاکرات متوقع ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب پہنچا ہے جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر حکام شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوگی۔