پاکستان ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

وزارت خزانہ: عالمی تیل قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ

اسلام آباد (ویب نیوز): وفاقی وزارت خزانہ کی جاری کردہ ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ امریکا، ایران کشیدگی عالمی توانائی منڈیوں اور مالیاتی نظام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 33.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، برآمدات 30.8 ارب ڈالر رہیں جبکہ ترسیلات زر بڑھ کر 41.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 22.7 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، تاہم کم بارشوں کے باعث خریف فصلوں کو پانی کی قلت اور زرعی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔