کوئٹہ (ویب نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان سے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ سے متعلق افغان طالبان کے دعوے کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑے گئے جدید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی بڑی مقدار پہلے ہی رکھتا ہے، جس کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 7.2 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جبکہ کئی دہائیوں کے تنازعات کے باعث سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی افغان سرزمین پر موجود ہیں۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان سے ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ کا الزام عالمی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے، کیونکہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کو اب بھی پناہ، سہولت کاری اور کارروائی کی آزادی حاصل ہے اور یہ گروہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ وزارت نے افغان حکام پر زور دیا کہ بے بنیاد الزامات کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
