کوئٹہ (صداقت نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1 روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کردی ہے، جبکہ اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق جون، جولائی اور اگست 2026 کے بلوں پر ہوگا جس کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یہ ریلیف ملک بھر کے صارفین بشمول کے الیکٹرک پر بھی لاگو ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اس سے مستفید نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق جون کے بلوں میں کیا جائے گا جس سے صارفین کو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ سی پی پی اے کی جانب سے 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔
