کوئٹہ(ویب نیوز) سیاسی و سماجی رہنماؤں اختر محمد لونی، محمد ایوب کاکڑ اور علی جعفر بنگش نے نیو ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کوئٹہ میں سیکیورٹی عملے کے مبینہ رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردانہ اور باوقار رویہ اختیار کیا جائے۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے اہل خانہ پہلے ہی ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں، ایسے میں سیکیورٹی عملے کا غیر مناسب رویہ ان کی مشکلات میں اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات جاری کردہ اٹینڈنٹ کارڈ بھی تسلیم نہیں کیا جاتا جبکہ انتظار کرنے والوں کے لیے سایہ، پینے کے پانی اور نماز کی مناسب سہولیات بھی موجود نہیں۔ رہنماؤں نے حکومت بلوچستان اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شکایات کا فوری نوٹس لے کر سیکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں اور لواحقین کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ واضح رہے کہ ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
