پاکستان ۲ اگست ۲۰۲۶

نوشکی میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

کوئٹہ / نوشکی / راولپنڈی پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 31 جولائی اور یکم اگست کی درمیانی شب انجام دی گئیں، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی مارا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، راکٹ لانچر، دستی بم، گولہ بارود، مواصلاتی آلات اور دیگر عسکری سامان برآمد کیا گیا۔ فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔