کوئٹہ(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پر تنقید کسی ذاتی اختلاف کی بنیاد پر نہیں بلکہ موجودہ سیاسی حالات اور بدلتے ہوئے حقائق کے تناظر میں کی جا رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک نواز شریف جمہوریت اور “ووٹ کو عزت دو” کے بیانیے پر قائم رہے، نیشنل پارٹی اور میر حاصل خان بزنجو نے مشکل حالات میں بھی ان کا ساتھ دیا، تاہم اب ان کی سیاسی ترجیحات تبدیل ہو چکی ہیں، اس لیے ان کی حمایت کا نہ سیاسی جواز باقی رہا ہے اور نہ اخلاقی۔ میر طاہر بزنجو نے کہا کہ ہر قیمت پر اقتدار حاصل کرنے کی سیاست نے جمہوری قوتوں کو کمزور کیا جبکہ اشاروں پر حکومتیں بنانے اور گرانے کی روایت نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ سیاسی صورتحال کا خود جائزہ لیں اور ملکی سیاست میں اصولوں اور جمہوری اقدار کو مقدم رکھا جائے۔
