کوئٹہ (صداقت نیوز)نواب جنگیز مری نے کہا ہے کہ اب وقت صرف مذمت اور روایتی بیانات کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے کا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران اور امریکہ اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں تو بلوچستان کے مسئلے پر بھی سنجیدہ اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار سرفراز بگٹی ہیں جو ہر واقعے کے بعد صرف مذمتی بیان دے کر راہِ فرار اختیار کرتے ہیں، عوامی اعتماد کھو چکے ہیں اور انہیں لانے والوں کو بھی اپنی پالیسیوں پر غور کرنا چاہیے۔ نواب جنگیز مری نے کہا کہ بدامنی اور بگڑتی صورتحال کے باعث بے گناہ جانوں کا نقصان ہورہا ہے، اگر وزیراعلیٰ میں شرم و حیا اور غیرت ہے تو استعفیٰ دیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان کا حوالہ بھی دیا کہ بلوچستان کے امن کے لیے “ایک ایس ایچ او کی مار” کافی ہونے کی بات کی گئی تھی، اب پوچھا جائے کہ وہ ایس ایچ او کہاں ہے، جبکہ دوروں اور بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ اعلیٰ حکام بلوچستان کے مسائل پر کتنے سنجیدہ ہیں، اس لیے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے صرف مذمت نہیں بلکہ عملی اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
