کوئٹہ((وېب نيوز)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہو گئی ہے، جس کے باعث سبی اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت متعدد اضلاع اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ کیسکو حکام کے مطابق سبی واپڈا گریڈ اسٹیشن سے منسلک 220kV کی اہم “اوچ۔سبی۔کوئٹہ” ٹرانسمشن لائن اچانک ٹرپ کر گئی ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے ایک وسیع حصے کو بجلی کی سپلائی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔کیسکو ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اس بریک ڈان کے نتیجے میں کوئٹہ، سبی، نصیر آباد، مستونگ، نوشکی، چاغی، پشین، زیارت اور چمن کے اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں ہنگامی طور پر بجلی کی فراہمی بند ہے۔ کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں بجلی کی بحالی کے لیے تکنیکی ٹیموں نے کوششیں شروع کر دی ہیں اور متبادل ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے جلد سے جلد نظام کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔ اس اچانک بندش کی وجہ سے صارفین کو شدید گرمی کے موسم میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
