کوئٹہ (ویب نیوز) اہل سنت و جماعت کے رہنما اور فیضان اولیا فاؤنڈیشن کے بانی ذوالفقار علی طارقی قادری سے معروف عالمِ دین علامہ خضر الاسلام نقشبندی اور پاکستان سنی تحریک بلوچستان کے صوبائی رہنما صاحبزادہ سعداللہ جان باروزی نے فیضان اولیا روحانی کلینک میں ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ خضر الاسلام نقشبندی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان کو کم کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے اور اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، کیونکہ نبی کریم ﷺ خاتم النبیین ہیں اور آپ ﷺ کے بعد نبوت کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور تنازعات پیدا کرنے کے لیے فرقہ واریت اور سوشل میڈیا کے ذریعے ایک بڑی سازش جاری ہے، تاہم اہل سنت کے علما اور مشائخ ان معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں اور اسلام کی تعلیمات سے متصادم کسی اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے بلوچستان کو خوبصورت خطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی وہ صوبے میں آئے، انہیں یہاں کے لوگوں کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کا سامنا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان مختلف مسائل کا شکار ہے اور یہاں کے عوام غربت اور پسماندگی سے دوچار ہیں، اس لیے حکومت اور صاحبِ حیثیت افراد کو بلوچستان پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے یہاں کے عوام کی خدمت اور مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیضان اولیا خانقاہ کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور موجودہ فتنہ انگیز دور میں نوجوانوں کی تربیت، انہیں درود شریف اور ذکر و اذکار کی ترغیب دینا قابلِ تحسین عمل ہے۔ علامہ خضر الاسلام نقشبندی نے کہا کہ خانقاہوں نے اسلام کی سربلندی اور ملک کے اداروں کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ علما اور صوفیا نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر دین، ملک، قوم اور معاشرے کی اصلاح کے لیے خدمات انجام دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
