کوئٹہ (ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے نئے صوبوں کے قیام کے اصولی مؤقف پر اتفاق کیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے ضرور بنیں گے اور یہ عمل وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نہ وزیراعظم شہباز شریف کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی وزیر داخلہ محسن نقوی، نئے صوبوں کے حوالے سے پیش رفت جاری رہے گی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنایا جائے گا۔
