کراچی (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک بار پھر آمنے سامنے آگئیں۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نئے انتظامی یونٹس کے خلاف پیش کی گئی تحریکِ التوا پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے اس تجویز کی مخالفت میں بھرپور دلائل دیے، جبکہ ایم کیو ایم نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو سندھ کے عوام کے مسائل کا واحد حل قرار دیا۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی کے لیے سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کے ماضی کے مؤقف کا بھی ایوان میں حوالہ دیا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی تقسیم کے بغیر شہری مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں۔ حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان بحث جاری تھی کہ اسپیکر اویس قادر شاہ نے اجلاس ملتوی کرتے ہوئے مزید بحث تیسرے روز تک جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
