کوئٹہ (ویب نیوز) نئی آٹو پالیسی 2026-31 کا حتمی مسودہ سامنے آگیا ہے جس میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق 1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی آئندہ پانچ سال میں مرحلہ وار کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے، جبکہ 1501 سے 1800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 20 فیصد تک کم کی جاسکتی ہے۔ 851 سے 1000 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی مرحلہ وار کم کرکے 30 فیصد اور 800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ 50 فیصد ڈیوٹی کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مسودے کے مطابق ہائبرڈ ٹرکوں پر ڈیوٹی پانچ سال میں 30 سے کم کرکے 15 فیصد، ہائی لائٹ کمرشل گاڑیوں پر 60 سے کم کرکے 30 فیصد اور ہائبرڈ بسوں پر ڈیوٹی 30 سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
