کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی جان کے خوف سے دہشت گرد تنظیموں کا نام نہیں لیتے اور حقائق چھپانا پشتونوں سے دوستی نہیں بلکہ دشمنی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرانان حملے کی ذمہ داری ایک دہشت گرد تنظیم نے خود قبول کی ہے اور اس حملے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، لیکن بعض رہنما ہر واقعے کی ذمہ داری حکومت پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے ملک اور ریاست بدنام ہوتے ہیں۔ لانگو نے کہا کہ دنیا کے سامنے حقیقت واضح ہے اور رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ خوف کے بغیر عوام کی حقیقی رہنمائی کریں اور حقائق عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی اور دیگر پشتون رہنما پشتونوں کی ترقی، خوشحالی اور جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے آواز اٹھائیں تو یہ ایک مثبت اقدام ہوگا، تاہم پشتونوں کو حقیقت کے بجائے غلط راستہ دکھانا پشتونوں سے دوستی نہیں بلکہ دشمنی ہے۔
