مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق

کوئٹہ (ویب نیوز): عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، جن سے نکلنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بنیادی سہولیات کی کمی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اس لیے حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان پارٹی جمہوریت، قانون کی حکمرانی، شفاف احتساب، انصاف کی فراہمی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تعلیم، صحت و صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سیاسی استحکام، قومی یکجہتی، معاشی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔